دو غیر معیاری ادویات پر فوری پابندی عائد
unsafe medicines alert
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب نے دو ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت اور استعمال پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق مختلف معیاری ٹیسٹس میں ناکامی کے بعد دو ادویات کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیا گیا ہے جس پر صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ان مصنوعات کے لیے باضابطہ ری کال کی منظوری دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹیلرز کے پاس ان ادویات کے متاثرہ بیچز موجود ہوں تو انہیں فوری طور پر فروخت سے ہٹا کر متعلقہ کمپنیوں کو واپس کیا جائے، ادارے نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ ان ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی بلڈ شوگر آنکھوں کے لیے نقصان دہ، مگر کیسے؟

ناقابل فروخت قرار دی جانے والی ادویات میں انجیکشن نیوڈیکس 1 ایم ایل( ڈیکسا میتھاسون سوڈیم فاسفیٹ) کے بیچ نمبر DX063، DX079 اور DX080 شامل ہیں جبکہ انفیوژن زیسول ایچ 1000 ایم ایل ( رنگر لیکٹیٹ) کا بیچ نمبر 2503281 بھی معیار پر پورا نہ اتر سکا۔

محکمہ صحت پنجاب نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرگ ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈرگ رولز کے تحت نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنائیں تاکہ ناقص ادویات کی بروقت واپسی یقینی بنائی جا سکے، اس کے ساتھ ہی چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب کو معاملے پر جامع رپورٹ تیار کر کے اعلی احکام کو ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔