
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے مشتبہ دھاتی ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں، دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سیکیورٹی ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ریسکیو ٹیمیں بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں سے بھارتی ڈرونز گرائے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، چکوال اور گھوٹکی میں بھارتی ڈرونز کو ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ گوجرانوالہ کے علاقے سولکھن آباد میں بھارتی ڈرون کا ملبہ برآمد ہوا جسے سیکیورٹی اداروں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
لاہور: والٹن میں صبح کے وقت خوفناک دھماکا
چکوال کے تھانہ ڈوھمن کی حدود میں بھی ایک ڈرون دیوالیاں کے قریب گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گجرات کے نواحی علاقے پیرجنڈ میں ڈرون کے چار ٹکڑے ملے، جہاں مقامی افراد نے رات گئے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں۔
سب سے افسوسناک واقعہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں پیش آیا جہاں پاک بھارت سرحدی علاقے کھینجو میں ڈرون گرنے سے ایک شہری جاںبحق اور ایک زخمی ہو گیا۔