پاکستانی بندرگاہوں پر بھارتی بحری جہازوں کا داخلہ بند
Pakistan Bans Indian Ships
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت کے جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بڑا فیصلہ کر لیا۔

بھارتی پرچم بردار بحری جہازوں کیلئے پاکستانی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزارتِ بحری امور کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق اب کوئی بھارتی جہاز پاکستانی بندرگاہوں پر داخل نہیں ہو سکے گا، اور نہ ہی پاکستانی پرچم بردار جہاز بھارتی بندرگاہوں کا رخ کریں گے۔

یہ فیصلہ بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں کے بعد سامنے آیا ہے، خاص طور پر 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر ڈال دیا، جس کے بعد انہوں نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔

پاک بھارت کشیدگی، روس اور ایران میدان میں آگئے

 

جواباً پاکستان کی جانب سے 24 اپریل کو بھارت سے ہر طرح کی براہِ راست اور بالواسطہ تجارت پر مکمل پابندی عائد کر دی ، اور بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بھی بند کر دی تھی۔ اب سمندری راستے بند کر کے پاکستان نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، جسے بھارت نے نظرانداز کر دیا، تاہم چین، ترکیہ اور سوئٹزرلینڈ سمیت کئی ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

پاکستان کے اس فیصلے کو قومی سلامتی، خودمختاری اور اصولی مؤقف کی مضبوطی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔