عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر
عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے علی بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے توہین عدالت کی درخواست دائر کی، درخواست میں سیکرٹری داخلہ پنجاب، اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور مختلف کیسزمیں جیل ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں، عدالت نے ملاقاتوں کی اجازت دی اور باقاعدہ احکامات بھی جاری کیے،عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں علیمہ خان کی جانب سے کہا گیا کہ انصاف تک رسائی کیلئے وکلاء اور فیملی ممبران سے ملاقات قانونی حق ہے، عدالتی حکم پر وکلاء،فیملی ممبران اور دوست احباب کی فہرستیں بھی مرتب کی گئیں لیکن اس کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات نہ ماننے پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نوالامین مینگل اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

خیال رہے کہ منگل کے روز عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان ، عظمیٰ خان اور نورین خان کو بھائی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، پولیس حکام نے منگل کے روز جمعرات کو ملاقات کی یقین دہانی کرا کے تینوں بہنوں کو واپس بھجوادیا تھا۔

تاہم جمعرات کو بھی عمران خان کی تینوں بہنوں کو بھائی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر آج توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔