پاک بھارت کشیدگی، روس اور ایران میدان میں آگئے
Pakistan India Tensions
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے عالمی سفارتکاری سرگرم ہو گئی، روس اور ایران نے خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم سفارتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کو کسی بھی قسم کی کشیدگی بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے اور تمام تر اختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنا چاہیے۔ سرگئی لاروف نے پہلگام واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پیر کے روز پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ رواں ہفتے بھارت کا بھی سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ بھارتی قیادت سے ملاقات کر کے پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی پر زور دیں گے۔ ایران کی کوشش ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک سفارتی سطح پر معاملات حل کریں اور خطے میں امن قائم رہے۔