پاک فوج نے ایک اور بھارتی کواڈ کواپٹر مار گرایا، دشمن کو سخت پیغام
 پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک ہی دن میں بھارتی فوج کے 2 جاسوس کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک ہی دن میں بھارتی فوج کے 2 جاسوس کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بھارتی فوج کا ایک اور کواڈ کاپٹر مار گرایا، بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں جاسوسی کر رہا تھا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ مار گرایا جانے والا کواڈ کاپٹر Phantom-4ہے ،اس سے قبل آج دن کے وقت پاک فوج نے بھارتی 5آسام رجمنٹ کا ایک اور کواڈ کا پٹر بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں مار گرایا تھا ۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ ایکشنز حالات میں مزید کشیدگی کا باعث بن رہے ہیں، یہ واقعہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، دفاعی تیاری اور چوکسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

دفاعی ماہرین نے کہا کہ دشمن کی طرف سے اس طرح کی حرکتیں خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہیں، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کا یہ اقدام نہ صرف دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کا ثبوت ہے بلکہ بھارت کو ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستانی سرزمین پر کسی قسم کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔