
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر ایل او سی کے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا اور جاسوسی کی غرض سے فضائی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔ تاہم پاک فوج کے مستعد جوانوں نے بروقت اور پیشہ ورانہ ردعمل دیتے ہوئے اسے کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ یہ کارروائی پاک فوج کی اعلیٰ دفاعی صلاحیت، چوکسی اور فوری ردعمل کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیاں وقتاً فوقتاً کی جاتی رہی ہیں، لیکن پاکستان کی مسلح افواج ہر مرتبہ ان کا مؤثر اور بھرپور جواب دیتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر لمحہ تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے پاکستانی حدود میں مداخلت کی یہ کوئی پہلی کوشش نہیں، ماضی میں بھی متعدد بار ایسے ڈرونز مار گرائے جا چکے ہیں، جن کا مقصد حساس علاقوں کی نگرانی اور معلومات اکھٹی کرنا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں، مہارت اور دفاعی تیاری پوری قوم کے اعتماد کا محور ہیں، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انشاءاللّٰہ۔
یہ واقعہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں، اور قوم کو اپنے محافظوں پر مکمل اعتماد ہے۔