کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی نہ لینے والے کاروباروں کیخلاف بڑا فیصلہ
Card payment enforcement Pakistan
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے صارفین کے حقوق و تحفظ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایسے کاروباری اداروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جو کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم نہیں کرتے۔

محکمہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے تحت سندھ کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے ابتدائی طور پر کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں واقع متعدد معروف ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ ان اداروں میں کراچی بروسٹ، فرنٹیئر، بیٹھک، نہاری ان اور دیسی ڈیرا شامل ہیں۔

آٹا مہنگا، گھی سستا،عوام کیلئے جزوی ریلیف

ڈی جی کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی زاہد حسین شر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر اٹھایا گیا ہے۔ اُن کے مطابق شہریوں کو ادائیگی کے جدید اور محفوظ ذرائع فراہم کرنا ہر کاروبار کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس سے انکار کسی طور قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جن کاروباری اداروں نے اب تک ڈیجیٹل پیمنٹ کی سہولت فراہم نہیں کی، ان کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے اور مستقبل میں مزید اداروں کو بھی اس دائرہ کار میں لایا جائے گا۔