پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی جس میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے مشاورتی عمل مکمل کر لیا جس کے بعد تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں تحفظات فوری دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان سے مینڈیٹ کے ساتھ مذاکرات کرے گی ، مولانا فضل الرحمان سے تحریک انصاف ملاقات کو حتمی شکل دینے کی مکمل کوشش کرے گی ۔

ذرائع نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ تحریک انصاف کا وفد آئندہ ہفتے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا ۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کر دیے ہیں، شیخ وقاص

پی ٹی آئی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے مسلسل مثبت گفتگو پر تحریک انصاف نے ایک قدم پیچھے رہ کر ملاقات کا فیصلہ کیا ہے ۔

خیال رہے کہ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست سے متعلق کچھ تحفظات تھے، وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کے تمام تحفظات دور کر دیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ اتحاد نہیں رکھنا چاہتے تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، 26 ویں ترمیم پر بھی ان سے بات ہوئی تھی، 26 ویں ترمیم میں مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ووٹ دیا۔