
ذرائع کے مطابق امریکی سفارتخانے کے وفدکو امریکی نژاد قیدی ظاہر ذاکر جعفر تک قونصلر رسائی دی گئی،وفد نے امریکی نژاد قیدی ظاہر ذاکر جعفر سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دفتر میں ملاقات کی۔
یاد رہےکہ امریکی نژاد قیدی ظاہر جعفرسابق پاکستانی سفارت کار کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس میں عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے نورمقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو ایک جرم میں عمر قید اور دیگر میں سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے مجرم کی عمرقید کو بھی سزائے موت میں تبدیل کردیا تھا۔
نور مقدم قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم ظاہر جعفر کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی تھی تاہم ظاہر جعفر نے سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ 27 سالہ نورمقدم کو 20 جولائی 2021 کو اسلام آباد کے پوش علاقے ایف-7/4 کے ایک مکان میں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا اور اسی روز مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو جائے وقوعہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔



