
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا واضح امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، مظفر آباد، اسکردو اور ہنزہ سمیت متعدد علاقوں میں بارشیں موسم خوشگوار بنا دیں گی۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں اور مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں گرمی کی لہر 18 اپریل تک برقرار رہے گی۔ ان علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے جس کے باعث شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے مناسب اقدامات کی تلقین کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں 18 اور 19 اپریل کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی اور اوکاڑہ میں گرد آلود آندھی اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جو فصلوں کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں اور شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط کریں۔



