لیبیا کشتی حادثہ: چار پاکستانیوں سمیت 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں
مشرقی لیبیا کے قریب حادثے کا شکار ہونیوالی تارکین کی کشتی کے 4 پاکستانیوں سمیت 11 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئیں۔
فائل فوٹو
تریپولی: (ویب ڈیسک) مشرقی لیبیا کے قریب حادثے کا شکار ہونیوالی تارکین کی کشتی کے 4 پاکستانیوں سمیت 11 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کے حکام کے مطابق 4 پاکستانیوں میں سے 3 کا تعلق منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے ۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کشتی لیبیا سے تارکین کو لے کر یونان جا رہی تھی جو مشرقی لیبیا میں سرت شہر کے قریب ہراوہ ساحل پر حادثے کا شکار ہو گئی، کشتی الٹنے کا واقعہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا تھا ۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ تریپولی میں پاکستانی مشن کے مطابق مشرقی لیبیا کے علاقے سرت میں غیر ملکی افراد کو لیکر جانے والی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا ہے،سرت شہر کا دورہ کرنے والی پاکستان سفارت خانے کی ٹیم کے مطابق 11 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں جن میں 4 پاکستانیوں کی شناخت ان کی کاغذات سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ شناخت کیے جانے والے پاکستانی افراد میں زاہد محمود ولد لیاقت علی سکنہ گوجرانوالہ، سمیر علی ولد راجہ عبدالقدیر سکنہ منڈی بہاؤالدین ،سید علی حسین ولد شفقت الحسنین سکنہ منڈی بہاؤالدین اور آصف علی ولد نذر محمد سکنہ منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تریپولی میں پاکستانی سفارت خانہ اس حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کر رہا ہے، وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ سیل سے درج ذیل نمبروں 051920788، ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔