
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج مجھ سمیت پانچ وکلاء کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، مذاکرات اور ڈیل کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں صداقت نہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی آئین و قانون کے مطابق ہو گی۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج سخت ہدایات دی ہیں، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے کیخلاف بیانات دینے سے روکا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن اتحاد کیلئے بھی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج بھی علیمہ خان اور دیگر اہل خانہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں، عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ، ہم توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں آئین وقانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہے ملک میں عدلیہ آزاد ہو اور الیکشن چوری نہ ہو ، ہم اس کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت بحال ہو۔



