کسی کی ضرورت نہیں، اکیلے ہی اپنے بھائی کیلئے کافی ہیں: علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، ہم اکیلی ہی اپنے بھائی کیلئے کافی ہیں اور انہیں رہا کرا کے رہیں گے
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، ہم اکیلے ہی اپنے بھائی کیلئے کافی ہیں اور انہیں رہا کرا کے رہیں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تو بھائی ہے ہم تو جیل اور عدالت آئیں گے، لوگ ہمارے ساتھ ہیں، عام لوگ تو عدالت میں نہیں آسکتے آپ کو پتا ہے لوگوں کا تو آنے کا بڑا دل ہے لیکن آ نہیں سکتے لیکن ہم اپنے بھائی کے لیے آکر بیٹھیں گے اور رہا کروا کر جائیں گے۔

علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو ان تمام افراد سے علیحدہ کیا جا رہا ہے جن سے وہ ملنے کی درخواست کرتے ہیں، میرے بھائی عمران خان کو تقریباً دو سال سے غیرقانونی طور پر قید رکھا گیا ہے، انہیں اپنے دو بنیادی اور قانونی مطالبات سے محروم کر دیا گیا ہے، جن میں ان کی کتابیں اور اپنے بیٹوں کے ساتھ ہفتہ وار فون کالز شامل ہیں، عدلیہ بے بس ہے۔