
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی رہنما چیئرمین بیرسٹر گوہر سے نالاں دکھائی دیئے اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران امریکی وفد اور اسپیکر کی جانب سے ملاقات کے دعوت نامے کے حوالے سے نہ بتانے پر اراکین اور چیئرمین بیرسٹر گوہر کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارٹی اجلاس میں بتایا کہ امریکی وفد سے ملاقات کے حوالے سے مجھے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا جس پر پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ آپ کو دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے۔
امریکی وفد سے ملاقات کے دعوت نامے کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات میں جب تضاد سامنے آیا تو عاطف خان نے دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 86 کارکنان کی ضمانتیں مسترد
عاطف خان نے کہا کہ ہمیں سفارتخانے کی جانب سے دعوت نامہ آیا تھا ہم امریکی وفد سے ملاقات میں شریک ہوئے تھے، پی ٹی آئی کی طرف رؤف حسن اور میں نے ملاقات میں شرکت کی اور مجھے رؤف حسن نے فون کر کے آگاہ کیا تھا۔
عاطف خان نے کہا کہ رؤف حسن نے بتایا تھا کہ امریکی سفارت خانے والے کہہ رہے ہیں کہ ہم نے ملاقات کیلئے دعوت نامہ بھیجا ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو بھی ملاقات کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی چیف وہیپ عامر ڈوگر کو دعوت نامہ بھیجا تھا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے عاطف خان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امریکی وفد سے ملاقات کا کوئی دعوت نامہ نہیں ،ملا، اگر ملتا تو ضرور ملاقات میں شریک ہوتا۔



