جماعت اسلامی کا 22 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
 امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 22 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
کراچی : (سنو نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 22 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج شہر کراچی نے ثابت کیا ہے کہ یہ شہر امّت مسلمہ کا سب سے بڑا شہر ہے، آج اہل غزہ جس مشکل میں ہیں وہ بیان سے باہر ہے، 60 سے 70 ہزار لوگ غزہ میں شہید ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج غزہ کے حالات خراب ہیں اور یو این صرف قرارداد پر قرارداد پیش کر رہا ہے، آج مسلم حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں، پاکستان اس ساری صورتحال میں لیڈنگ رول ادا کرے، پاکستان مسلم ممالک کا اجلاس بلائے، ایک اعلامیہ جاری کریں اور آگے پیش قدمی کریں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مغرب کا سامراجی ذہن کھل کر سامنے آ گیا ہے، مغرب اب بے نقاب ہو گیا ہے، حماس کی یہ تحریک کبھی ختم نہیں ہو سکتی، امریکا میں 50 فیصد لوگ غزہ اور حماس کے حامی ہو چکے ہیں، حماس کی جہدوجہد قانونی ہے، میں نون لیگ، پی پی پی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ غزہ میں ہونے والے واقعات کی مذمت کرو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم طاغوت کا ہتھیار طاغوت کے خلاف استعمال کریں گے، سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی اشیاء کی بائیکاٹ کی مہم چلائیں گے، میں سب سے کہہ رہا ہوں ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکلیں، 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ ہو گا، 22 اپریل کو ملک گیر ہڑتال ہو گی، ہم اہل غزہ کے لئے 22 اپریل کو پورا ملک بند کریں گے۔