پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
Petrol Price Reduction
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر غور کر رہی ہے، یہ کمی 16 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہو سکتی ہے۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے، جس سے موجودہ قیمت 254.63 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 242 روپے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے، جو موجودہ 258.64 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 250 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔ قیمتوں میں اس ممکنہ کمی کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت پاکستان سے پیٹرول کی قیمت میں 53 روپے فی لیٹر تک اضافے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے، جس پر حکومتی حلقوں میں مشاورت جاری ہے۔

اگر حکومت نے قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ کر لیا تو یہ مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے ایک بڑا ریلیف ثابت ہو گا۔ حتمی اعلان وزارت خزانہ کی جانب سے مقررہ تاریخ کو کیا جائے گا۔