
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواستیں خالد یوسف چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فوری سماعت کی درخواست ہے کیونکہ پچھلی بار کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی، درخواست گزار سابق وزیر اعظم ہے اور حراست سیاسی انتقام ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 17 جنوری کو سزا سنائی گئی اور ابھی تک سماعت نہیں ہوئی جو جلد از جلد اپیل کے لیے مضبوط جواز ہے، تاخیر سے نا انصافی کا خطرہ ہے، ابتدائی سماعت انصاف کو یقینی بناتی ہے، انصاف کو ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے، جلد سماعت عین انصاف ہوگا۔
وکیل خالد یوسف چوہدری نے درخواست میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بشریٰ بی بی کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں رکھنے کے لئے سزا سنائی گئی، بانی پی ٹی آئی کو سنائی گئی سزا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست کو ڈائری نمبر 7115/24 جبکہ بشریٰ بی بی کی درخواست کو ڈائری نمبر 7116/24 الاٹ کر دیا گیا۔



