بسنت منانے والے لاہوریوں کیلئے بڑی خوشخبری
لاہور میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے جگمگائے گا۔ لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جانے لگی
آئندہ سال لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئیں/ فائل فوٹو
لاہور: (سنونیوز) لاہور میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے جگمگائے گا۔ لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جانے لگی۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ سال لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر محفوظ بسنت کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی میں ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر محکموں کے افسران اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن سے افراد شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ سال بسنت اندرون شہر میں منانے کی تجویز زیر غور ہے۔ بسنت کے لیے دو روز مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بسنت کے تہوار پر موٹر سائیکل کو دو روز کے لیے بند کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ڈور تیار کرنے والے افراد ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹرڈ ہونگے۔ ضلعی انتظامیہ ڈور بنانے والے افراد کے ساتھ میٹنگ کرے گی۔

ڈور تیار کرنے میں کن چیزوں کا خیال رکھا جائے گا، ضلعی انتظامیہ تعین کرے گی۔ ڈور تیار کرنے میں شیشے کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ڈور تیار ہونے پر ضلعی انتظامیہ چیک کرے گی، ایس او پیز کے مطابق ڈور بنانے کی اجازت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہوریوں کو محفوظ بسنت کا تہوار دینے پر کام جاری ہے۔ آئندہ سال فروری میں بسنت منائی جائے گی۔