مسجد میں دھماکے سے جے یو آئی کے ضلعی امیر زخمی
Blast in South Waziristan
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان کے اعظم ورسک بازار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے سے جے یو آئی کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا مسجد میں نصب کئے گئے دھماکہ خیز مواد کے سبب ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور سکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

ڈی پی او آصف بہادر کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد میں جے یو آئی کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم بھی شامل ہیں، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ 3 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مولانا عبداللہ ندیم پر اس سے پہلے بھی کالوشہ کے مقام پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہوا، جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کا پتا چلانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔