آلٹو گاڑی کے موٹروے داخلے پر پابندی کی افواہیں زیر گردش
 سوزو آلٹو کے موٹروے پر پابندی کے حوالے سے افواہیں گردش کرنے لگیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سوزو آلٹو کے موٹروے پر پابندی کے حوالے سے افواہیں گردش کرنے لگیں۔

گزشتہ روز گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ملا جلا دن ثابت ہوا، ایک روز قبل خبر سامنے آئی کہ پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی کی جانب سے ویگن آر کی بکنگ ہمیشہ کے لیے بند دی گئی ہے، اس خبر نے آٹو انڈسٹری میں ہلچل مچا دی۔

اس کے کچھ دیر بعد ہی سوشل میڈیا پر یہ افواہ گردش کرنے لگی کہ پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سوزوکی آلٹو کو بھی بند کر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے آلٹو کے موٹروے پر داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس افواہ نے اس وقت زور پکڑا جب سوشل میڈیا پر ایک المناک حادثے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جس میں ایک سوزوکی آلٹو اور ٹرک کے درمیان تصادم نظر آیا، حادثے کی ہولناک تصاویر نے چھوٹی گاڑیوں کی موٹروے پر حفاظت کے حوالے سے شدید بحث چھیڑ دی، اس پرکچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ آلٹو کو اب موٹروے پر چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

تاہم نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے ترجمان نے ایسی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایسی کوئی خبر نہیں ہے۔

اس المناک حادثے کے بعد آلٹو کی کمزور ساخت پر بحث ضرور چھڑ گئی جس سے ایک اہم نکتہ اجاگر ہوا کہ آلٹو کی حفاظتی خصوصیات انتہائی محدود ہیں، اس حقیقت جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ آلٹو اپنی کم قیمت اور کم خرچ میں چلنے کی صلاحیت کی وجہ سے عوام میں مقبول ہے لیکن اس کی کمزور حفاظتی خصوصیات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔