محمود اچکزئی، اختر مینگل کا عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ
اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کریں گے اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مشاورت کریں گے
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کریں گے اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

اپوزیشن ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات آئندہ چند روز میں متوقع ہے، دونوں رہنما بلوچستان کی صورتحال پر بانی سے مشاورت کریں گے۔ ترجمان متحدہ اپوزیشن نے محمودخان اچکزئی اور اخترمینگل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔

اخونزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق اپوزیشن قیادت نے اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان متحدہ اپوزیشن کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مسائل صرف سیاسی قیادت ہی حل کرسکتی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں لگی آگ سے نظریں چرائی جا رہیں، پی ٹی آئی کے 5 لوگ اکٹھے ہوں تو پولیس مارتی ہے، حملے کیلئے 80 دہشتگرد اکٹھے ہوتے ہیں حکومت کو کیوں علم نہیں ؟۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موجودہ فارم 47 رجیم نے پاکستان کی سلامتی کو ہلاکر رکھا دیا، دہشتگردوں کو کس نے اکٹھا ہونے دیا ، ہم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، رینجرز، سندھ پولیس پنجاب پولیس اور مسلح افواج ریاست نہیں۔