عمران خان کا جے یو آئی رہنماؤں سے ملاقات کا خیرمقدم
عمران خان نے پی ٹی آئی کے وفد کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد سے ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری قوتوں کے درمیان یہ ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں
بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان / فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے وفد کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد سے ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری قوتوں کے درمیان یہ ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں جے یو آئی کے وفد سے ملاقات کے حوالے سے بات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے ہماری ملاقات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو میں نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حوالے سے بھی بتایا، بانی نے علی امین گنڈار پور پر بھی اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، عمران خان نے عالیہ حمزہ اور جنید اکبر پر بھی اعتماد کا اظہار کیا، بانی پی ٹی نے وکیل ظہیر عباس اور عثمان ریاض گل سے ملاقات نہ کروانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سلمان اکرم راجا نے علیمہ خان اور وکلاء کے درمیان ہونے والی تلخ باتوں کا جواب دینے سے گریز کیا۔

فیصل چودھری نے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے خوشگوار ملاقات رہی، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اعتماد کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں جو کیسز میرے پاس ہیں وہ میں جاری رکھوں گا، ہم سارے لیگل ٹیم کے ممبر ہیں، ٹیم میں جہاں میری ضرورت ہوئی میں حاضر ہوں، پولیٹیکل کمیٹی سے مجھے کبھی کوئی انسٹرکشن آئی نہیں، وکیل کو تو کلائنٹ انسٹرکشن دیں گے تو بات کریں گے، خان کی حد تک گفتگو ہے وہ جاری رہے گی۔