
پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان قانونی طریقے سے جیل سے باہر آئیں گے، وہ بغیر کسی ڈیل کے رہا ہوں گے، میں اس بات پر قائم ہوں کہ بانی تین سے چار ماہ میں جیل سے باہر ہمارے درمیان ہوں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کا خطاب ہمیں پسند نہیں آیا، صدر مملکت اپوزیشن چیمپبر سے ہو کر نہیں گزرے نہ ہی ان کے خطاب میں کوئی ایسی بات تھی کہ ملک کی تمام اکائیوں کو اتحاد کا پیغام جائے۔
بیرسٹر گوہر نے صدر مملکت کے خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری اپنے خطاب سے قوم کو متحد ہونے کا پیغام نہیں دے سکے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بولے کہ ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، ہم اس مسلط شدہ حکومت کو نہیں مانتے، صدر مملکت کے خطاب میں کوئی خاص بات نہیں تھی، آج کی تقریر میں آصف علی زرداری ثابت نہیں کر سکے کہ ملک میں جمہوری نظام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، آصف زرداری ایک متنازع صدر ہیں، ہمارا احتجاج ایسے ہی برقرار رہے گا جیسے آج ایوان میں ریکارڈ کرایا۔