پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اپنی ہی حکومت کی کارکرگی سے ناخوش
 پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت اور کارکنان نے اپنی ہی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت اور کارکنان نے اپنی ہی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ترقیاتی کام نہ ہونے کیخلاف تحریک انصاف کی ضلعی تنظیم کے چند روز قبل ہونیوالے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی مقامی قیادت کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کے پی کے میں تحریک انصاف تیسری بار برسراقتدار آئی ہے لیکن تاحال صوبائی دارالحکومت پشاور میں مسائل جوں کے توں ہیں، پشاور کے مختلف حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

مقامی قیادت کیجانب سے کہا گیا ہے کہ پشاور میں سیورج کا ںظام خستہ حال ہو چکا ہے، بارشوں کے بعد شہر سیلاب کا منظر پیش کرتا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کی ناقص کارکردگی باعث شہر میں صفائی کا نظام ابتر ہو چکا ہے، پشاور کے کئی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، شہر بیشتر علاقے سٹریٹ لائٹس کی خرابی کی وجہ سے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

کے پی کے قیادت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ صوبے میں کاروبار کے موقع فراہم کئے جائیں،ریئل سٹیٹ کا کام ختم ہوچکا ہے، پشاور کے ترقیاتی فنڈ کو دیگر اضلاع میں استعمال کیا جارہا ہے، پشاور کیلئے سیف سٹی منصوبے کی 2009 میں تجویز دی گئی تھی لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، مسائل کے حل پر فوری غور نہ کیا گیا تو احتجاج کا آپشن موجود ہے۔

دوسری جانب فوکل پرسن وزیراعلیٰ برائے پشاور میگا پراجیکٹس ارباب عاصم نے مقامی قیادت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں میگا پراجیٹس پر کام جاری ہے، اجلاس میں جو تجاویز سامنے آئے ہیں اُن پر عملدرآمد کیا جائے گا۔