امریکی خاتون کی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
جناح ہسپتال کراچی میں پاکستانی لڑکے سے محبت میں امریکہ سے آئی خاتون کی ہسپتال میں ڈانس ویڈیو وائرل ہوگئی
کراچی میں پاکستانی لڑکے سے محبت میں آئی امریکی خاتون جناح ہسپتال میں ڈانس کرتے ہوئے
کراچی: (ویب ڈیسک) جناح ہسپتال کراچی میں پاکستانی لڑکے سے محبت میں امریکہ سے آئی خاتون کی ہسپتال میں ڈانس ویڈیو وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نوجوان سے آن لائن دوستی کے بعد کراچی آنیوالی امریکی خاتون نے جناح ہسپتال کے سپیشل وارڈ میں ڈانس کیا۔ کراچی پولیس نے ہی امریکی خاتون کے ڈانس کی ویڈیو وائرل کر دی۔ پولیس اہلکار نے امریکی خاتون کی ویڈیو بناکر اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اپلوڈ کر دی۔

دوسری جانب جناح ہسپتال کرچی کے شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر چنی لال نے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوان سے آن لائن دوستی کے بعد کراچی آنیوالی امریکی خاتون کی ذہنی اور جسمانی صحت کی بحالی کیلئے علاج جاری ہے لیکن مکمل صحت یابی میں وقت لگ سکتا ہے۔

جناح اسپتال کراچی کے اسپیشل وارڈ میں داخل امریکی خاتون کے نفسیاتی مریضہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ مریضہ کو دیگر طبی مسائل کا بھی سامنا ہے۔ خاتون کبھی امریکا واپس جانے کی ضد کرتی ہیں تو کبھی پاکستان میں ہی رہنے کی بات کرتی ہیں، اس صورتحال میں میڈیکل بورڈ ان کی ذہنی کیفیت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔

جناح ہسپتال کراچی کے شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر چنی لال کے مطابق مریضہ کا امریکا میں بھی نفسیاتی علاج جاری تھا لیکن گزشتہ 6 ماہ سے انہوں نے دوائیں لینا چھوڑ دی تھیں، جس کے باعث بائی پولر ڈس آرڈر کی علامات دوبارہ ظاہر ہوئیں۔

خاتون کی مجموعی صحت کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر چنی لال کر رہے ہیں جب کہ ہسپتال کی انتظامیہ، میڈیکل اور نیورولوجی وارڈ کے ماہرین بھی اس میں شامل ہیں۔