
محکمہ موسمیات کی جانب ستے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شمال مغربی بلوچستان اور کے پی کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب، مستونگ، چاغی اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری اور قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام اور باجوڑ میں بھی جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا اور ان علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موسم شدید سرد رہے گا اور برفباری کی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات اور اس کے نواحی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔