
ذرائع کے مطابق عاطف خان نے اپنی ملاقات کی تصویر پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی، جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنماؤں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
عاطف خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات خفیہ نہیں تھی، بلکہ دن کی روشنی میں اسلام آباد کلب میں معمول کی واک کے دوران ہوئی، جہاں انہیں عون چوہدری سے آمنا سامنا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کی تصویر کسی نے لی اور اس کے بعد انہوں نے اسے گروپ میں شیئر کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے اس ملاقات کو ناپسندیدہ قرار دیا، خاص طور پر اس لیے کہ عون چوہدری نے ماضی میں پارٹی کے لیڈرز اور ان کی اہلیہ کیخلاف گواہی دی تھی۔
اس حوالے سے نجی نیوز چینل میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز اور قیادت عاطف خان کی اس ملاقات کوناپسندیدہ سمجھتی ہے، عون چوہدری نے ہمارےلیڈراور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف گواہی دی تھی۔