
آئی ایس پی آر کے مطبق سیکورٹی فورسز کے بلوچستان میں متعدد سینٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں 11 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔
صدر ممکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور 18 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور جامِ شہادت نوش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلند درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کی خاطر سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، پاکستانی عوام ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں شہید ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان کے بہادر سپوتوں نے وطن عزیز کے امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، شہید ہونے والے جوانوں کی بہادری پر فخر ہے اور شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم کے 18 بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قوم سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔