پنجاب میں مون سون بارشوں، سیلابی صورتحال کا خطرہ
A man tries to protect himself from the flood water
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ بارشوں کے باعث دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی میں 88 ملی میٹر، گوجرانولہ میں 17، بہاولنگر، قصور میں 11 اور شیخوپورہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال آئند چند روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ سیالکوٹ نالہ ایک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیالکوٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کا سپیل 14 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ شہری موسم برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ ایمرجنسی کی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔