امریکی خاتون کا حکومت پاکستان سے 1 لاکھ ڈالر کا مطالبہ
کراچی کے نوجوان سے محبت میں مبینہ دھوکا کھانے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے حکومت پاکستان سے ایک لاکھ ڈالر کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد اپنے شوہر کے ہمراہ دبئی جاؤں گی
امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن / فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی کے نوجوان سے محبت میں مبینہ دھوکا کھانے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے حکومت پاکستان سے ایک لاکھ ڈالر کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد اپنے شوہر کے ہمراہ دبئی جاؤں گی۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر یہاں آئے، میں اونیجا سے ملاقات کراؤں گا، سب چاہتے ہیں امریکی خاتون کا معاملہ عزت سے حل کرائیں، پوری رات نہیں سویا ہوں۔

رمضان چھیپا کا کہنا تھا کہ خاتون والنٹیئرز بھی ان کے ساتھ تھیں، خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، کبھی کچھ تو کبھی کچھ بات کرتی ہے، کل رات ٹیپو سلطان تھانے والوں نے امریکی خاتون کو ہمارے حوالے کیا، خاتون گزشتہ کچھ روز سے دربدر تھیں، اس پرییشانی کو مجھ سےنہیں دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ کراچی کے نوجوان سے محبت میں مبینہ دھوکا کھانے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے شادی سے انکار پر پہلے ایئرپورٹ اور پھر لڑکے کے گھر کے پاس دھرنا دیا تھا۔

دوسری جانب 19 سالہ نوجوان اور اس کے اہلخانہ گھر پر تالا ڈال کر کہیں چلے گئے ہیں جبکہ خاتون واپسی کے لیے لڑکے سے ملاقات اور ایک لاکھ ڈالر ادائیگی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ اسے ایک لاکھ ڈالر ادا کیے جائیں، وہ دبئی منتقل ہوجائے گی اور اپنے بچوں کو بھی وہیں بلائے گی، اگر رقم تسلسل سے نہ ملی تو وہ بار بار کراچی آئے گی، امریکا میں بہت زیادہ آبادی ہے، وہ سکون چاہتی ہے اس لیے وہ اپنے بچوں کو لے کر دبئی جائے گی۔

اس سے قبل گزشتہ روز خاتون کو وطن واپس بھیجنے کے لیے امریکی قونصل خانے کی دو رکنی ٹیم کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، ٹیم نے خاتون سے بات چیت کی تاکہ اسے امریکا بھیجنے پر آمادہ کیا جاسکے۔ تاہم خاتون امریکا واپس جانے سے مسلسل انکار کرتی رہی، امریکی قونصل خانے کی ٹیم کا کہنا تھا کہ خاتون کو واپس بھیجنے کے لیے زبردستی نہیں کرسکتے۔

قبل ازیں، امریکی خاتون کو قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 611 سے صبح 10 بجے امریکا بھیجنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر خاتون نے ایئرپورٹ پر شورشرابہ کیا جس کے بعد اسے پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کسی صورت واپس جانے پر راضی نہیں ہورہی تھی جس سے پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔