پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر جلسہ کی درخواست دے دی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی۔

 پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے 8 فروری کو مینار پاکستان جلسے کے لئے درخواست عالیہ حمزہ، ملک احمد بھچر اور اعجاز بٹر نے جمع کرائی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی پرامن طریقے سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کو آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے لاہور میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو تحریک انصاف کے مینڈیٹ پرشب خون مارا گیا، ہم اس کے خلاف مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے، ملک احمد خان بھچر اور علی اعجاز بٹرکی جانب سے درخواست جمع کروائی ہے، مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملتی تو ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور یوم سیاہ منائیں گے۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کی ہدایت کی ہے۔