اسلام آباد ایئرپورٹ ترکیہ کے کنسورشیم کے حوالے کرنے کا فیصلہ
File Photo
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان کی وزارت ہوابازی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی مینجمنٹ اور آپریشنل کنٹرول 15 سال کے لیے ترکیہ کے کنسورشیم TERG کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔

وزارتِ ہوا بازی کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان کے ہوائی اڈوں کی انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عالمی معیار کے مطابق خدمات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزارت ہوابازی کے ذرائع کے مطابق ترکیہ کے کنسورشیم نے پراجیکٹ کاسٹ کے 47.25 فیصد کی بولی دی جو کہ دیگر درخواست دہندگان کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھی۔ اس بولی کی منظوری سیکریٹری ایوی ایشن احسن منگی کی صدارت ہونے والے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ کی منظوری کے بعد اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی کابینہ سے بھی منظوری لینا ضروری ہے۔ اس عمل کے مکمل ہوتے ہی ترکیہ کا کنسورشیم ایئرپورٹ کی مینجمنٹ کا ذمہ دار ہوگا جو سروسز کی بہتری کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی اضافہ کرے گا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے نہ صرف ہوائی اڈے کی خدمات میں بہتری آئے گی بلکہ بین الاقوامی معیار کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

وزارت ہوابازی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف ہوابازی کے شعبے میں جدت لائے گا بلکہ پاکستان کے دیگر ہوائی اڈوں کو بھی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے عالمی معیار کے مطابق بنانے کے امکانات پیدا کرے گا۔

عوامی اور ماہرین کے حلقوں میں اس فیصلے کو ملا جلا ردعمل ملا ہے۔ کچھ افراد نے اسے مثبت اقدام قرار دیا ہے جبکہ دیگر نے خدشات کا اظہار کیا کہ آؤٹ سورسنگ سے مقامی ملازمین متاثر ہو سکتے ہیں۔