تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 13 جنوری کو ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس اسجد جاوید گھرال بھی شامل ہوں گے۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواستوں کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جناح ہاؤس حملے سمیت دیگر مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کی ہیں۔درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے وقت وہ نیب کی تحویل میں اسلام آباد میں موجود تھے۔ان کیخلاف سیاسی انتقام کے تحت مقدمات درج کیے گئے اور انہیں سازش کے ذریعے ان معاملات میں ملوث کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان گزشتہ 2 سال سے مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرنے کا حکم دے۔
ذہن نشین رہے کہ یہ مقدمات 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں درج کیے گئے تھے۔