شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع؟
Winter vacations extension rumors
فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک) شدید سردی کی لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

ان خبروں پر محکمہ تعلیم پنجاب نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی گئی ہے،تمام تعلیمی ادارے سوموار سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

ترجمان محکمہ تعلیم پنجاب نے کہا کہ والدین اور طلبہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں جو سوشل میڈیا پر بغیر کسی تصدیق کے پھیلائی جا رہی ہیں۔ 

سیکرٹری سکولز اینڈ ایجوکیشن خالد نزیر وٹو نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا اور کہا کہ اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں بالکل اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات 23 دسمبر سے 10 جنوری تک تھیں اور اب اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔ 

خیال رہے کہ ابتدائی نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے تمام اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر کے بجائے 23 دسمبر سے شروع ہوئیں، جو 10 جنوری تک جاری رہیں۔ 

محکمہ تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور کسی بھی اطلاع کیلئے محکمہ تعلیم کی آفیشل ویب سائٹ یا نوٹیفکیشنز پر انحصار کریں۔ 

دوسری جانب شدید سردی کے باوجود اسکول کھلنے کے اعلان پر والدین اور طلبہ نے خاصی مایوسی کا اظہار کیا ہے، تاہم محکمہ تعلیم کا مؤقف ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔