پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
 Fuel price increase Pakistan
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی 16 جنوری سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ سپلائی میں رکاوٹ اور توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے خدشات کی وجہ سے ہوا ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت 77.32 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، جو کہ 3 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر ہے۔ 

واضح رہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں شرح مبادلہ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے، مگر تیل کی قیمتوں میں تبدیلی کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ 

قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ دیں گے، جس کے بعد خزانہ ڈویژن نئی قیمتوں کا اعلان کرے گا۔ 

ذہن نشین رہے کہ دسمبر 2024 میں بھی وفاقی حکومت نے یکم جنوری کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت 0.56 روپے کے اضافے کے بعد 252.66 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2.96 روپے بڑھ کر 258.34 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔ 

خیال رہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔

حکومت کو قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔