ایل ایل بی پروگرام کا دورانیہ کم کرنے پر غور
LLB Program Duration
ایل ایل بی پروگرام/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ہے،جس میں پاکستان کے ایل ایل بی پروگرام کی مدت اور نصاب پر غور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایل ایل بی پروگرام کا دورانیہ 5 سال سے کم کر کے 4 سال کرنے اور نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ 

اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم، ممبر پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا اور ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن بیرسٹر اسامہ مالک نے کی۔ اس اجلاس میں ملک بھر کی 44 یونیورسٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ 

تمام شرکاء نے اس بات پر متفق ہوئے کہ ایل ایل بی پروگرام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے نصاب میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ بیرسٹر اسامہ مالک اور حسن رضا پاشا نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق نصاب کی تیاری اور فیکلٹی کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ 

اجلاس میں سمسٹر سسٹم کے نفاذ، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوالٹی کنٹرول اور اساتذہ کی تربیت جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ یہ تجاویز پاکستانی قانونی تعلیم کو عالمی معیار کے قریب لانے اور طلبہ کو بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔ اجلاس کے نتائج کو جلد ہی حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔