9 مئی کیسز: شاہ محمود پر ایک اور مقدمے میں فرد جرم عائد
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کر لیا
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کیسز کی سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

ضمانت پر رہا ملزمان نے بھی جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

ملزمان نے دوران سماعت صحت جرم سے انکار کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔