امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے احتجاجی تحریک کو از سر نو شروع کریں گے، 17 جنوری کو ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے احتجاج کریں گے، جماعت اسلامی جب کوئی تحریک شروع کرتی ہے تو پھر پیچھے نہیں ہٹتی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں حالات بہت مخدوش ہیں، 47 ہزار سے زائد افراد شہید ہیں، روزانہ کیمپوں پر بمباری ہو رہی ہے، امریکہ اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کر رہا ہے، امریکہ کی ذمہ داری امن برقرار رکھنے کی ہے مگر وہ دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا میں اپنی پراکسی لڑتا ہے اور انسانیت کا خون بہتا ہے، دنیا میں اجارہ داری انسانیت کا خون کر کے قائم کی جاتی ہے، حکومت پاکستان اپنا کرداد ادا کرے، امریکہ اور اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کی خاموشی سے ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقے کی کمزوری دہشت گرد ریاستوں کی مضبوطی بن جاتی ہے، پوری امت کا فرض ہے فلسطین کے معاملے پر آواز اٹھائیں، ملک کی معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں، وہ خوشخبری تو دیتے ہیں انڈیکس بہتر ہوا ہے، مگر یہ کیوں نہیں بتاتے کہ چیزیں سستی کیوں نہیں ہو رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ یہ دعوے بڑے بڑے کرتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدام نہیں ہیں، حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کی قربانی دینے کے لیے تیار نہیں۔