سردی کی شدت میں اضافہ یا سورج چمکے گا؟محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
weather forecast in pakistan
سردی کی شدت میں اضافہ/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ محکمہ موسمیات کی جانب سے اہم پیش گوئی جاری کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا سامنا ہوگا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں صبح اور رات کے وقت درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کی توقع ہے،جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ 

اسی طرح سے کشمیر، بالائی کے پی، خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے کچھ علاقوں میں کہرا پڑنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ان علاقوں کے رہائشیوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

بعد از دوپہر ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی امید بھی ظاہر کی گئی ہے،جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ 

مزید برآں گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا،جبکہ مشرقی پنجاب میں دھند چھائی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 11، کالام منفی 9، گوپس منفی 8، قلات اور سکردو منفی 7، کوئٹہ منفی 6، اور ہنزہ منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ 

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور سفر کے دوران دھند اور کہرے سے محتاط رہیں۔