ستھرا پنجاب منصوبہ: لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ کار وسیع
The scope of Lahore Waste Management Company was expanded under the Sathra Punjab plan of Chief Minister Punjab Maryam Nawaz
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب منصوبہ کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اب لاہور ڈویژن میں صفائی کی نگرانی کرے گی۔ ڈور ٹو ڈور کوڑا کلیکشن تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ دسمبر کے مہینے ڈور ٹو ڈور کوڑا کلیکشن فیس موصول نہیں کی جائے گی۔

ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق اگلے سال جنوری سے کوڑا کلیکشن کی فیس لاگو کی جائے گی۔ کوڑا کلیکشن فیس 15 لاکھ گھروں سے وصول کی جائے گی۔ کوڑا کلیکشن فیس بارے فیصلہ ہونا باقی ہے، ایل ڈبلیو ایم سی اب لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ میں صفائی کے انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ اس سے قبل ایل ڈبلیو ایم سی صرف لاہور میں صفائی کے انتظامات دیکھتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈور ٹو ڈور کوڑا کلیکشن کے لیے گاڑی میں ساؤنڈ سسٹم لگایا جائے گا، جو علاقوں میں اپنی موجودگی کا اعلان کرے گا تاکہ شہری اپنے گھر کا کوڑا  گھر کے باہر رکھ دیں، کوڑا کلیکشن کے لیے گھر کے  دروازے پر دستک دی جائے گی اور گھر سے کوڑا اٹھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوڑا کلیکشن کے لیے 3 ہزار رکشے خریدے جا رہے ہیں جس کا ٹینڈر ہو چکا ہے، گھروں سے کوڑا اکھٹا کرنے کے لیے ہاتھ ریڑی کا استعمال کیا جائے گا، گلی محلوں سے رکشوں کی مدد سے کوڑا اکھٹا کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور سے 3 دسمبر کو منصوبے کا افتتاح کریں گی۔