پشاور: کور کمیٹی اجلاس سے بشری بی بی اٹھ کر چلی گئیں
Bushra Bibi
پشاور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ہونے والی پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اٹھ کر چلی گئیں۔

فائنل کال کی ناکامی، سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا کے استعفوں کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے آئندہ کے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے مرکزی قیادت کی پشاور میں بیٹھک جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اٹھ کر چلی گئیں، اجلاس سے جاتے ہوئے بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عہدوں کہ بندر بانٹ کسی صورت قبول نہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس میں جاری ہے، اجلاس میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور شریک ہیں جبکہ اجلاس میں شرکت کے لئے بشری بی بی بھی آج مانسہرہ سے پشاور پہنچی تھیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل، ورکرز کو چارج کرنے اور فائنل کال دھرنہ زیر بحث لایا جانا تھا، اجلاس میں میڈیا اسٹریٹجی بھی زیر بحث لائی جانے تھی۔

واضح رہے کہ احتجاج کی فائنل کال میں ناکامی کے بعد پی ٹی آئی اندورنی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے بھی پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان کی تقرری کو لے کر پارٹی کے اندرونی معاملات اور نوٹیفکیشن کے اجراء میں تاخیر پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، سلمان اکرم راجہ کی بطور سیکریٹری جنرل نامزدگی چند ماہ قبل ہوئی تھی، لیکن اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں میں اختلافات اور پارٹی کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا استعفیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دیا جائے گا جس سے پارٹی کے اندر مزید سیاسی بحران اور قیادت کے حوالے سے شکوک و شبہات کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔