صاحبزادہ حامد رضا کا پی ٹی آئی کور کمیٹی سے استعفیٰ
Sahabzada Hamid Raza
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اور اہم رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں میں اختلافات اور پارٹی کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا استعفیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دیا جائے گا جس سے پارٹی کے اندر مزید سیاسی بحران اور قیادت کے حوالے سے شکوک و شبہات کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کا استعفیٰ پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ کے استعفے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ سلمان اکرم راجہ نے استعفیٰ دینے کی وجہ پارٹی کی داخلی سیاست اور اس میں پائی جانے والی اختلافات کو قرار دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کی تصدیق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی کی تھی۔

دوسری ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ سیاسی بحران اور پی ٹی آئی کی قیادت پر بڑھتی ہوئی تنقید نے ان رہنماؤں کے فیصلوں پر اثر ڈالا ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ پارٹی کے داخلی معاملات اور کارکنوں کی جانب سے دی گئی وضاحت کو تسلیم نہ کیے جانے پر رنجیدہ ہیں جو کہ ان کے استعفے کی وجہ بنی۔

اب سے کچھ دیر بعد پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہونے جا رہا ہے جس میں پارٹی کے مستقبل کی حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔ یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں پارٹی کی آئندہ پالیسیوں اور رہنماؤں کے فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔