محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح یا رات کےاوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے، شمال مشرقی پنجاب میں صبح کے وقت ہلکی سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تا ہم سیالکوٹ، ناروال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور اور گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح یا رات کےاوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے، صوبہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی امید ہے۔
اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 40، لسبیلہ میں 39، چھور، تربت ،میر پور خاص اور شہید بینظیر آباد میں 38 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہ آسکی، شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 220 ریکارڈ کی گئی، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور دوسرے نمبر پر ہے، سید مراتب علی روڈ پر 253، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 247 پاکستان انجینئرنگ سوسائٹی میں فضائی آلودگی کی شرح 256 ریکارڈ کی گئی۔
آلودگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے شہر لاہور کے چند مقامات پر گرین لاک ڈاؤن بھی لگایا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں تبدیلی اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈک محسوس کی جانے لگی ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 18،زیادہ سے زیادہ 33ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بڑھتی آلودگی کے باعث شہری سانس اور گلے کی بیماریاں میں مبتلا ہونے لگے ہیں، ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ شہری بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،
محکمہ مو سمیات کے مطابق لاہور کی طرح روشنیوں کے شہر کا موسم بھی گرم اور خشک رہے گا، آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی امید ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے اور 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دنیا کے آلو دہ ترین شہروں میں کراچی 17ویں نمبر پر آ گیا ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر آگیا، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 112 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی، شہری احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
بہاولپور اور گردونواح شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں، فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح 210 ریکارڈ کی گئی،سموگ کے باعث حدنگاہ انتہائی کم ہو گئی،کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا، طبی ماہرین کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
باقی تمام شہروں کی طرح اولیائ کے شہر ملتان کے درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا،فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح 453 ریکارڈ کی گئی۔