
ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کے بجائے الٹا اضافہ کردیا، یہ افسوسناک بھی ہے اور شرمناک بھی۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید لکھا کہ شہباز بلاول پی ڈی ایم سرکارعوام اور انڈسٹری کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں، پھر ملک کیسے آگے بڑھے گا، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم اور پاکستان میں بڑھ رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری میں ناکامی کا غصہ عوام پر نہیں اتارے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 35 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں2 روپے 61 پیسے تک کی کمی کی گئی۔
پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک بھر میں نئی قیمت 248 روپے 38 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255 روپے 14 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 2 روپے 61 پیسے سستا ہونے کے بعد 147 روپے 51 پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپے 48 پیسے کمی سے 161 روپے54 پیسے فی لٹر ہو گیا۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی اثر پڑے گا،جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے،جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔