
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سموگ کی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے آج اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا، لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 235 ریکارڈ کی گئی۔
باغوں کے شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا، پاکستان کے آلودہ ترین شہریوں میں بھی لاہور پہلے نمبر پر ہے، یو ایس قونصلیٹ میں 289، سید مراتب علی روڈ 276، فیز 8 اور ڈی ایچ اے میں 260 ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح ریکارڈ کی گئی۔
مشرقی ہواؤں میں کمی اور بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، فضائی آلودگی کی شرح میں اضافے سے سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے، ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ لاہورئیے ماسک کا استعمال یقینی بنائیں.
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موسم خشک ہے اور فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سموگ ،فضائی آلودگی بڑھنے سےسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے، وزیر تعلیم پنجاب رانا تنویر کے مطابق سموگ کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو چھٹیوں پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، ہر شہری اپنی حفاظت کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم سرد کردیا ہے جب کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
علا وازیں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جس دوران پارہ 36 ڈگری تک جاسکتا ہے۔