آئینی بل کے حق میں ووٹ دینے پر 2 سینیٹرز پارٹی سے فارغ
October, 30 2024
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے آئینی بل کے حق میں ووٹ دینے پر سینیٹرز قاسم رونجھو اور نسیمہ احسان شاہ کو پارٹی سے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائم مقام صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئینی بل کے حق میں ووٹ دینے پر سینیٹرز قاسم رونجھو اور نسیمہ احسان شاہ کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کیونکہ دونوں نے پارٹی حکمت عملی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نام نہاد آئینی بل کے حق میں ووٹ دیا، اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو سہولت فراہم کی جبکہ بلوچستان کے لوگوں کو دھوکہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں سینیٹرز نے سردار عطا اللہ خان مینگل کے نظریے سے غداری کی اور ذاتی مفادات کیلئے اپنے ووٹ بیچے، ان کا بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ آج جسے کوئی تعلق نہیں، پارٹی ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گی۔