محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشنز و کوآرڈی نیشن نے دیوالی کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ہندو برادری کے ملازمین کے لیے جمعہ کی چھٹی سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ بااختیار اتھارٹیز میں بھی ہوگی۔
خیال رہے سندھ حکومت ہر سال دیوالی کے موقع پر ہندو ملازمین اور مزدوروں کے لیے تعطیل کا اعلان کرتی ہے، ساتھ ہی ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ہندوؤں کی ایک بھاری اکثریت سندھ کے دیہی علاقوں میں رہتی ہے۔ ہندوؤں کی بہت زیادہ آبادی سانگھڑ اور تھرپاکر اضلاع میں ہے جن کی سرحد بھارت سے ملتی ہے۔
واضح رہے کہ ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے.اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتا ہے۔ اس مذہبی رسم کی تیاریاں نو دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔
اس حوالے سے اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک کے حساب سے منایا جاتا ہے۔ گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔