بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر
Pakistani Visa
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)یورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے حال ہی میں بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے ایک نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

جاری کردہ ہداہت نامہ  کے تحت ملازمت کے معاہدے کو پروٹیکٹوریٹ آف امیگریشن (پی ای) کے دفتر میں محفوظ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔اس کا مقصد پاکستانی مزدوروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں غیرملکی ملازمت کے دوران بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

پروٹیکٹوریٹ کی جانب سے ان ملازمت کرنے والوں کو درج ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں:

مکمل قانونی تحفظ۔

بیرون ملک ملازمت کے دوران تعاون۔

اگر کوئی آجر کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے تو متعلقہ ملک میں پاکستانی ایمبیسی کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے ذریعے قانونی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

ان فوائد کے ذریعے ان ملازمین کے خاندانوں کو درپیش مسائل کو بھی کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

فیس کی تفصیلات (اکتوبر 2024)

پروٹیکٹر فیس کی ادائیگی دو مختلف طریقوں سے کی جاتی ہے:

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے ایسے افراد جو کسی ایجنٹ یا پروموٹر کے ذریعے ملازمت حاصل کرتے ہیں،ان کی پروٹیکٹر فیس 22,200 روپے مقرر کی گئی ہے۔تاہم مقدمات کی کارروائی کیلئے 6,000 روپے اضافی جمع کروانے ہوں گے۔

دوسری جانب ڈائریکٹ ملازمت حاصل کرنے والے وہ پاکستانی جو براہ راست بیرون ملک ملازمت حاصل کرتے ہیں،ان کی پروٹیکٹر فیس 9,200 روپے مقرر کی گئی ہے،جس میں او پی ایف فنڈ کے 4,000 روپے، 2,500 روپے انشورنس پریمیم، 2,500 روپے رجسٹریشن فیس اور 200 روپے او ای سی فیس شامل ہے۔

واضح رہے کہ یہ ہدایات ان افراد کیلئے ہیں جو قانونی تحفظ کے ساتھ بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند ہیں اور حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ فوائد سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔