محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی پنجاب میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا ، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک چکوال اور جہلم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے تاہم میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، لاہور اور سیالکوٹ میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ اور ایبٹ آبادمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ پشاور، خیبر، مہمند، صوابی، ہری پور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، کرم، ہنگو اور کرک میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وادی نیلم میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، سیاحتی مقامات رتی گلی،بابون ویلی،پتلیاں جھیل سمیت بلند سیاحتی مقامات اور پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی ہے۔
بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث شاہراہ نیلم پرلینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارش کے دوران سیاح اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔